نئی دہلی، 17؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ہندوستان نے تنظیم برائے اسلامی تعاون (او آئی سی) کے رکن ممالک سمیت مختلف ممالک میں اپنے مذاکرات کاروں کو جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے لیے تعاون اور اسے فروغ دینے میں پاکستان کے کردار کے بارے میں بتایا ہے۔وزیر مملکت برائے امور خارجہ ایم جے اکبر نے راجیہ سبھا کو ایک تحریری جواب میں آج بتایا کہ پاکستانی میڈیا کے ذرائع کے مطابق،مسئلہ کشمیر پر بات کرنے کے لیے پاکستان نے دنیا کے مختلف ممالک کے دارالحکومت میں اپنے 22خصوصی ایلچی بھیجے ہیں۔پاکستانی وزیر اعظم کے ان 22خصوصی ایلچیوں کو جموں و کشمیر میں ہندوستانی فورسز کی طرف سے مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کئے جانے کے بارے میں دنیا کو بتانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔اکبر نے بتایا کہ یہ خصوصی ایلچی بیلجیم، چین، فرانس، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ترکی، برطانیہ، امریکہ اور اقوام متحدہ گئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان ممالک میں موجود اپنے مذاکرات کاروں اور تنظیم برائے اسلامی تعاون (او آئی سی) کے رکن ممالک میں اپنے مذاکرات کاروں کو جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے تعاون اور اسے فروغ دینے میں پاکستان کے کردار کے بارے میں بتایا ہے۔ساتھ ہی یہ بھی زور دیا گیا ہے کہ ہندوستان مخالف دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور سرحد پار سے جاری دہشت گردی کو حمایت دینے کی پاکستان کی پالیسی سے پورے علاقے میں امن اور استحکام متاثر ہو رہا ہے۔